• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شان شاہد کی اپنی مرحومہ والدہ کیلئے دُعاؤں کی اپیل

پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلو بیگم کے بیٹے اداکار شان شاہد نے اپنی مرحومہ والدہ کے لیے دُعاؤں کی اپیل کردی۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں شان شاہد نے کہا کہ ’میں اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میری مشکل گھڑی میں میرا ساتھ دیا۔‘

شان شاہد نے اپنے مداحوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’براہِ کرم میری مرحومہ والدہ کے لیے دُعا کریں۔‘

اداکار نے مزید کہا کہ ’میری دُعا ہے اللّہ تعالیٰ آپ کو اور آپ کے پیاروں کو ہمیشہ سلامت رکھے۔‘

واضح رہے کہ 80 سالہ نیلو بیگم تین روز قبل لاہور میں انتقال کرگئی تھیں، اداکارہ نیلو بیگم فلم ڈائریکٹر مرحوم ریاض شاہد کی اہلیہ اور اداکار شان کی والدہ تھیں جبکہ ان کا اصل نام عابدہ ریاض تھا۔

وہ کافی عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔ اداکارہ نیلو 1940 میں بھیرہ میں پیدا ہوئیں، 1956میں فلم ’بھوانی جنکشن‘ میں بطور چائلڈ اسٹار کام کیا۔

انہوں نے کئی یاد گار فلموں میں فنِ اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں دوشیزہ، عذرا، زرقا، بنجارن، بیٹی، ڈاچی، جی دار، ناگن اور شیر دی بچی شامل ہیں۔

فلم ’سات لاکھ کا گانا‘ آئے موسم رنگیلے نیلو کی پہچان بنا۔

 نیلو بیگم کی نمازِ جنازہ لاہور میں ادا کی گئی تھی، نمازجنازہ میں فلمی و سماجی شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مرحومہ کی مغفرت کے لیے دُعا کی۔

تازہ ترین