• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم ایک منفی قوم بنتے جارہے ہیں: رابی پیرزادہ

شوبز انڈسٹری کی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ کہتی ہیں کہ ہم بحیثیت قوم اپنے عیبوں کو چھپانے کے بجائے ہر وہ چیز وائرل کرتے ہیں جو غلط ہو جس کی وجہ سے ہم ایک منفی قوم بنتے جارہے ہیں۔

رابی پیرزادہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر دو تصاویر شیئر کی ہیں جن میں پہلی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی پینٹنگ کی ہے جو رابی پیرزادہ نے خود اپنے ہاتھوں سے بنائی ہے۔

دوسری طرف شاعرِ مشرق علامہ اقبال کے اُس مجسمے کی ہے جو گزشتہ سال جشن آزادی کے موقع پر لاہور کے گلشن اقبال پارک میں نصب کیا گیا تھا اور جب اس مجسمے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے ناصرف شدید برہمی کا اظہار کیا گیا بلکہ مجسمہ بنانے والے کاریگروں کا مذاق بھی بنایا گیا۔

رابی پیرزادہ نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمیں بحیثیت قوم اپنے عیبوں کو چھپانے اور آرٹ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے لیکن افسوس کہ ہم ہر وہ چیز وائرل کرتے ہیں جو غلط ہو۔‘

سابقہ گلوکارہ نے کہا کہ ’ہم ایک منفی قوم بن رہے ہیں کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ دنیا ہمارا مذاق اڑائے۔‘

اُنہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کیا ہم اپنی غلطیاں چھپا نہیں سکتے؟ کیا ہم دنیا کو نہیں بتا سکتے کہ ہمارے پاس باصلاحیت فنکار ہیں؟‘

واضح رہے کہ علامہ اقبال کا مجسمہ کسی ماہر مجسمہ ساز نے نہیں بلکہ گلشن اقبال پارک میں کام کرنے والے مالیوں نے بنایا تھا اور اس کے لیے کسی سے مالی امداد نہیں لی۔

مالیوں نے تین ماہ کی انتھک محنت سے اپنی مدد آپ کے تحت شاعر مشرق علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تیار کیا تھا۔

سوشل میڈیا صارفین اور نامور شخصیات کی تنقید کے بعد حکومتِ پنجاب کی جانب سے گلشن اقبال پارک سے علامہ اقبال کا مسجمہ ہٹا دیا گیا۔

خیال رہے کہ رابی پیرزادہ نے شوبز چھوڑنے کے بعد مصوری کو اپنا ذریعۂ معاش بنالیا ہے، اس کے علاوہ وہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی نظر آتی ہیں۔

تازہ ترین