اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)انسداد دہشتگری عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وغیرہ کی طرف سے بریت درخواستوں پر دلائل مکمل ہونے پر وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک، علیم خان اور راجہ خرم نواز وغیرہ کی بریت درخواستوں پر دلائل طلب کرلیے۔ جمعرات کو سماعت کے دوران وکیل صفائی محمد علی بخاری عدالت پیش ہوئے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، شوکت یوسفزئی، شفقت محمود اور اسد عمر کی طرف سے دائر بریت درخواستوں پر دلائل دیتے ہوئے کہاکہ 14 سے 15 ہزار کارکنان نے پارلیمنٹ کی طرف رخ کیا،کارکنان کی جانب سے دروازے اور رکاوٹیں توڑتے ہوئے پی ایم ہاوس کی طرف رخ کیا گیا،چالان میں عمران خان اور طاہر القادری کے نام ہیں جن پر کارکنان کو اکسانے کا الزام ہے،حکومت وقت کے خلاف احتجاج کیا گیا، اس وقت بھی حکومت وقت کے خلاف احتجاج ہو رہے ہیں، جو خلاف قانون نہیں۔