فضائی آلودگی کے اعتبار سے آج لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے اور کراچی چھٹے نمبر پر آگیا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کی فضاؤں میں آلودہ ذرات کی مقدار صبح 9 بجے 183 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔
لاہور دنیا بھر میں آلودگی کے لحاظ سے آج دوسرے نمبر پر آگیا ہے جہاں فضاؤں میں آلودہ ذرات کی مقدار 244 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق آلودگی کے باعث روس کا شہر کراسنویارس پہلے، جبکہ بھارتی شہر کولکتہ تیسرے نمبر پر ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی دارالحکومت دہلی آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے، بنگلادیشی دارالحکومت ڈھاکا پانچویں نمبر پر ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضرِ صحت ہے۔
201 سے 300 درجے تک کی آلودگی انتہائی مضرِ صحت ہوتی ہے، جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔