• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب لانگ مارچ کے بجائے ترقی مارچ کی ضرور ت ہے، چوہدری پرویز الٰہی

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کہتے ہیں کہ اب لانگ مارچ کے بجائے ترقی مارچ کی ضرور ت ہے لہٰذا تمام کارکن بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔

مسلم لیگ ق کا ضلع گجرات میں اعلیٰ سطحی تنظیمی اجلاس ہوا جس میں چوہدری پرویز الٰہی کی زیرصدارت تنظیمی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ چیزیں آہستہ آہستہ بہتری کی طرف جاتی نظر آ رہی ہیں، بہتری کے لیے حکومت کو مشورہ دیتے ہیں۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات بہت اچھی رہی، اچھے ماحول میں باتیں ہوئیں۔

اُنہوں نے کہا کہ میں یہ تو نہیں کہتا گھبرانا نہیں لیکن یہ ضرور کہوں گا چیزیں بہتر ہو رہی ہیں کیونکہ ملکی معاملات میں بہتری کے لیے وزیراعظم عمران خان سرگرم ہیں۔

پرویز الٰہی نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اتحادیوں سے مشاورت کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں،  عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ہرپلیٹ فارم پر آواز بلند کی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کو مسئلہ کشمیر سے متعلق موثر آواز بلند کرنے کا کریڈٹ دینا چاہیے۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ سیرت اکیڈمی کو شہباز شریف کے دور میں تالے لگا دیئے گئے ہم نے اس کو آباد کیا، بھیک مانگنے والے بچوں کی بحالی اور تعلیم کے لیے ہم نے ادارے بنائے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال کی بہتری کے لیے پٹرولنگ پوسٹوں کی بحالی کا کہا ہے۔

دوسری جانب چوہدری وجاہت حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ عوامی سطح پر ڈیلیور کرنے میں یقین رکھتی ہے۔

اجلاس کے دوران مونس الٰہی نے کہا کہ سیاسی قوتوں کو عوامی ایشوز کو فوکس کرنا چاہیے، اپوزیشن کی مثبت تنقید حکومت کی رہنمائی کر سکتی ہے۔

تازہ ترین