• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کی طرح ہم کشمیر پر بات کرتے تو سیکورٹی رسک بن جاتے، بلاول بھٹو


اسلام آباد( نمائندہ جنگ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران کی طرح ہم کشمیر پر بات کرتے تو سیکورٹی رسک بن جاتے ،وزیراعظم پاکستان کے عہدے سے کوئی بھی بیان آتا ہے اس کے معنی اور نتائج بھی ہوتے ہیں، ہم سب پی ڈی ایم کے فیصلے کے پابند ہیں اور پی ڈی ایم فیصلہ کرلے کہ بات چیت نہیں کرنا تو ہم نے بات چیت نہیں کرنا 18ویں ترمیم ختم کرنے کی جوسازش چل رہی ہےوہ ناکام رہےگی۔

ہفتے کواسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے شروع سے کہا ہے کہ18ویں ترمیم کو ختم کرنے کی سازش چل رہی ہے۔ 

اب تک یہ کوشش ناکام رہی ہے اور آئندہ بھی ناکام رہے گی ۔پیپلز پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کے حکومت سے ملاقات کے حوالے سے سوال پران کا کہنا تھا کہ میں اپنے ممبران پر فخر کرتا ہوں کہ اتنے دباؤ کے باوجود بھی انہوں نے کبھی مجھے مایوس نہیں کیا۔ 

ہم سب پی ڈی ایم کے فیصلے کے پابند ہیں اور پی ڈی ایم فیصلہ کرلے کہ بات چیت نہیں کرنا تو ہم نے بات چیت نہیں کرنا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر عمران خان کے کشمیری عوام سے خطاب کے حوالے سے سوال پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ʼعمران خان جب بھی بات کرتے ہیں کوئی نہ کوئی غلطی کر بیٹھتے ہیں ۔

گزشتہ روز جو انہوں نے بات کی اگر ہم بات کرتے تو سیکیورٹی رسک بن جاتے ۔ وزیراعظم پاکستان کے عہدے سے کوئی بھی بیان آتا ہے اس کے معنی اور نتائج بھی ہوتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمیں نظر آرہا ہے کہ حکومت کینڈیز کی طرح این آر او بانٹ رہی ہے چاہے وہ احسن اللہ احسان ہو، شوگر مافیا آٹا مافیا، بی آر ٹی اسکینڈل، علیمہ خان کی سلائی مشین ہو یا بنی گالا کی رہائش گاہ ہو اور ان سب سے بڑا این آر او پاپا جونز والا این آر او ہے۔

ہم اس پوائنٹ پر آگئے ہیں کہ عمران خان پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہا ہے اور ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے، عمران خان کو ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا اور وہ دن جلد آئے گا۔

تازہ ترین