امیرِ جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عمران خان بھی قصہ پارینا بن گئے ہیں، میرا بس چلتا تو قومی اسمبلی میں گالیاں دینے والوں کو اڈیالہ جیل میں ڈال دیتا۔
مردان میں میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا کہ یہاں غریب کا بچہ بھوک سے مرتا ہے اور گورنر کا کتا بھی گاڑی میں گھومتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے ایک اجلاس پر قومی خزانے کے 10 کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں، اس کروڑوں کے اجلاس کے دوران گالیاں دی جاتی ہیں، میرا بس چلتا تو میں ان سب کو اڈیالہ جیل میں ڈال دیتا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ یہ لوگ لنگر خانے بھی نہیں چلاسکے، ایم این اے اور ایم پی اے کی سفارش کے بغیر کوئی لنگر خانوں میں بھی نہیں جاسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے پورے پاکستان کو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے حوالے کردیا، پاکستان میں لوگ عمران خان کو یوٹرن کے نام سے جانتے ہیں، وہ بھی قصہ پارینا بن گئے ہیں۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی اس حکومت پر اعتماد نہیں کرتا، پی ٹی آئی نے نیا پاکستان نہیں بنایا پرانا پاکستان بھی تباہ کردیا۔