• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیری رحمٰن نے حکومتی آرڈیننس کو آئین و پارلیمان پر حملہ قرار دیدیا


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمٰن نے سینیٹ الیکشن سے متعلق آرڈیننس کو بدنیتی پر مبنی قرار دیدیا۔

کراچی میں رضا ربانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شیری رحمٰن نے استفسار کیا کہ حکومت سینیٹ الیکشن سے ایک ماہ پہلے ترمیمی بل کیوں لے آئی؟

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات سے متعلق آرڈیننس راتوں رات لایا گیا، اس طرح آرڈیننس لانا آئین اور پارلیمان پر حملہ ہے، یہ پارلیمان کو آرڈیننس فیکٹری بنارہے ہیں۔


پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ آئین میں تبدیلی کرنا پارلیمان کا کام ہے اور حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں کہ وہ آئینی ترمیم پاس کرواسکے۔

رضا ربانی نے کہا کہ ترمیمی بل سے متعلق پی پی قیادت سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی، حکومت نے اپوزیشن قیادت سے بھی اس حوالے سے کوئی ڈائیلاگ نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کہہ چکے ہیں کہ سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈز سے ہونا چاہیے، یہ آرڈیننس بدنیتی پرمبنی ہے۔

تازہ ترین