پشاور( نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر پرویز خٹک کے بھائی صوبائی وزیر لیاقت خٹک اور بھتیجے احد خٹک کے درمیان پائے جانے والے اختلافات مزید شدت اختیار کر گئے‘ ضلع نوشہرہ میں حکمران جماعت دو گروپوں میں بٹ گئی۔
ضلع نوشہرہ میں حکمران جماعت کے دو گروپوں میں بٹنے سے پی کے 63نوشہرہ کے ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت کے امیدوار کے لئے مشکلات بڑھتی جارہی ہیں۔
ادھر پی کے 63نوشہرہ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر لیاقت شباب، جے یو آئی کے رہنما مفتی حاکم علی حقانی قومی وطن پارٹی کے ولی الرحمان اور مسلم لیگ کے ڈسٹرکٹ آرگنائزر حاجی نواب خان کی طرف سے مسلم لیگ کے امیدوار اختیار ولی خان کی کامیابی کے لئے انتخابی مہم تیز کر دی گئی ہے۔
سابق تحصیل ناظم احد خٹک گروپ نے مانکی شریف نوشہرہ کلاں اور پیر سباق میں بھر پور سیاسی قوت کا مظاہرہ کر کے اپنی سیاسی قوت کا لوہا منوا لیا ہے۔
پرویز خٹک اور اس کے بھتیجے سابق تحصیل ناظم احد خٹک کی طرف سے ایک دوسرے کو چیلنج دینا بھی شروع کر دیاگیا ہے۔