کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ سمجھ نہیں آتا اپوزیشن کیوں پیسے کی سیاست کو ترجیح دے رہی ہے، سیاست میں پیسے کا استعمال اور ووٹوں کی خرید و فروخت ختم کرنا چاہتے ہیں،سپریم کورٹ نے الیکشن آرڈر 2017ء میں ترمیم کی اجازت دیدی تو صدارتی آرڈیننس موثر ہوجائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال بھی شریک تھے۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت انتخابی اصلاحات کا جامع پیکیج لائے تو اس پر بات ہوسکتی ہے اوپن بیلٹ کیلئے صدارتی آرڈیننس فرینڈز آف عمران خان کا پیکیج ہے، اپوزیشن جماعتیں انتخابی اصلاحات کیلئے سنجیدہ اور مخلص ہیں،شبلی فراز نے کہا کہ سینیٹ کیلئے ان لوگوں کو ٹکٹ دیں گے جو پارٹی کے ساتھ رہے ہیں۔