اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج حیدر آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کر رہی ہے جس کے سلسلے میں تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
جلسے کی میزبان پاکستان پیپلز پارٹی نے حیدرآبادکے ہٹری بائی پاس گراؤنڈ میں پنڈال سجا لیا۔
جلسہ گاہ اور اطراف میں پارٹی پرچم اور بینرز سجا دیئے گئے، گراؤنڈ میں کرسیاں لگا دی گئیں۔
جلسے سے چیئرمین پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمٰن، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قائدین بھی خطاب کریں گے۔
حیدرآباد شہر میں پی ڈی ایم کے جلسے کے سلسلے میں مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ قائم ہیں، شاہراہوں اور عمارتوں کو پارٹی پرچموں اور قائدین کی تصاویر سے سجا دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی میزبانی میں پی ڈی ایم کا پاور شو آج حیدر آباد میں ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ یہ فساد کرتے ہیں اور اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، ملک کو آرڈیننس فیکٹری بنا دیا گیا ہے۔