• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں ٹک ٹاکر سمیت 4 افراد کا قتل، پولیس نے معمہ حل کرلیا

کراچی کے علاقے گارڈن میں خاتون سمیت چار ٹک ٹاکرز کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، ٹک ٹاک کی وڈیو پر جھگڑا ہوا جس پر رحمٰن نامی ٹک ٹاکر نے فائرنگ کرکے چاروں کو ماردیا۔ ملزم کی پولیس کو تلاش جاری ہے۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق گارڈن میں خاتون سمیت چار افراد کا قتل ٹک ٹاک کی وڈیو پر ہی ہوا، فائرنگ کرنے والا ملزم رحمان فقیر خان قتل ہونے والی مسکان کا دوست تھا۔

حکام کے مطابق رحمٰن کا مسکان سے جھگڑا ہوا، جس پر مسکان نے عامر کے ساتھ وڈیو بنائی، رحمٰن نے بدلے میں مقتول عامر کی دوسری دوست کے ساتھ وڈیو بنا کر اپ لوڈ کردی۔

تحقیقات حکام نے بتایا کہ رحمٰن کی ویڈیو دیکھ کر مسکان لڑکی کے گھر پہنچی اور مبینہ طور پر جھگڑا ہوا۔

حکام نے یہ بھی بتایا کہ اس لڑکی نے رحمٰن کو اطلاع دی، رحمٰن نے مسکان اور دوستوں کو گارڈن بلایا، جہاں اس نے چاروں کو قتل کیا اور پھر فرار ہوگیا۔

حکام نے بتایا کہ ملزم رحمٰن کی موبائل فون لوکیشن سے بھی اس کا واردات کی جگہ پر ہونا ثابت ہوگیا ہے۔ 

تحقیقاتی حکام کا کہنا تھا کہ واردات کرنے کے بعد رحمٰن فقیر خان فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے کہ 2 فروری کو گارڈن میں فائرنگ سے ٹک ٹاکر مسکان سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

تازہ ترین