• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خفیہ رائے شماری کے حق کا خاتمہ غیر آئینی ہے،سینیٹر کامران مائیکل

لزبن( سرفراز فرانسس )سینیٹر کامران مائیکل نے کہاہے کہ حکومت کا سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹ کا سہارا اپنے ہی اراکین پر عدم اعتماد کا ثبوت ہے ، خفیہ رائے شماری کے حق کا خاتمہ غیر آئینی ہے ،اپنے ساتھ ہوں تو ہارس ٹریڈنگ ممکن نہیں ،آئینی ترمیم کے بغیر سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار میں ہنگامی تبدیلی ناقابل فہم و ناقابل قبول ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز راولپنڈی میں مسیحی سماجی رہنما سرفراز فرانسس وکی کے والد فرانسس مسیح کی یاد میں منعقدہ دعائیہ سروس کے اختتام پر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر صغیر احمد وٹو ،آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد ،سابق رکن صوبائی اسمبلی ضیاءاللہ شاہ ، راجہ حنیف ایڈووکیٹ ،سبط الحسن المعروف سبطی شاہ ،راجہ سہیل یوسف ،چوہدری ندیم ،اظہر جولیس ، شہزاد بھٹی ،ثاقب گل ،حارث غوری ،بابو ساجد امین کھوکھر سمیت دیگر نے بھی سرفراز فرانسس وکی سے ان کے والد کی وفات پر تعزیت کی ۔ سینیٹر کامران مائیکل نے کہاکہ دنیا بھر میں کسی بھی جمہوری حکومت میں قانون میں ترمیم کا باقاعدہ طریقہ کار طے ہے ،حکومت پارلیمان کے ذریعے قوانین کی منظوری کا آئینی راستہ اپنائے تو شائد کسی کو بھی اعتراض کا موقع میسر نہ ہو ۔سینیٹر کامران مائیکل نے اس موقع پر کہاکہ ملک میں جمہوریت کو پنپنے کے لیے تمام جماعتیں باہم مل کر اقدامات کریں اور جمہوریت کو تقویت دیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ حکومت کو اپنے عملی اقدامات سے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت قائم ہے ۔
تازہ ترین