کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ’’آپس کی بات ‘‘میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہاکہ پچھلی حکومتیں لوٹ مار نہ کرتیں توبہتر حالت میں ہوتے،ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ نوازشریف نے اپنے دور میں آٹا، چینی،گھی،تیل کی قیمتیں نہیں بڑھنے دیں،پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور احمد نے کہاکہ ویڈیوجاری کرکے پرویزخٹک کونشانہ بنایاگیا۔ تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا کہ میں سرکاری ملازمین پر نہیں مرحوم پی ڈی ایم پر ہنس رہا تھا، سرکاری ملازمین کے مسئلہ کو سنجیدگی سے لیا ہے انشاء اللہ جلد حل ہوگا، تنخواہیں بڑھنے سے کاروبار کی لاگت بڑھتی ہے جب لاگت بڑھتی ہے تو قیمتیں بڑھتی ہیں جس سے مہنگائی آتی ہے، پاکستان کے معروضی حالات اور وعدے کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں گے، پچھلی حکومتیں لوٹ مار نہ کرتیں تو شاید ہم بہتر حالت میں ہوتے ، نواز شریف کو عدالتیں بلارہی ہیں لیکن وہ واپس نہیں آرہے۔ صداقت علی عباسی کا کہنا تھا کہ ہمارے اراکین اسمبلی فروخت ہوئے تو ہم نے حکومت کا خطرہ مول لے کر انہیں بے نقاب کیا، ارکان کو خریدنے والے پیپلز پارٹی تھی مگر ان میں اخلاقی جرأت نہیں ہے۔