• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت سرکاری ملازمین کے مطالبات تسلیم، گرفتار افراد کو رہا کرے، بلاول بھٹو

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ناقابل برداشت مہنگائی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، انہوں نے اسلام آباد میں احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین پر تشدد اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سلیکٹڈ حکومت ملازمین کے جائز مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کرے، گرفتار ملازمین کو رہا کیا جائے۔ ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے غریب ملازمین کے مطالبات سننے کے بجائے ان کیخلاف طاقت کا استعمال کیا جو انتہائی افسوسناک عمل ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ پی پی پی حکومت نے اپنے دور میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دگنا اضافہ کیا تھالیکن پی ٹی آئی حکومت نے سرکاری ملازمین کو مراعات دینے کے بجائے مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ کیا، معیشت کو تباہ کردیا اور اب احتجاج کرنے والے ملازمین کے ساتھ ظلم کا بازار گرم کردیا گیا ہے۔ دریں اثنا پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری سے سینیٹر شمیم خان آفریدی اور کوہاٹ سے منتخب ایم پی اے امجد خان آفریدی نے بلاول ہاس کراچی میں ملاقات کی۔ سینیٹر شمیم خان آفریدی اور امجد خان آفریدی نے پی پی پی چیرمین کو صوبہ خیبرپختونخواہ کی سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی۔ ملاقات کے دوران سلیکٹڈ حکومت کی ظالمانہ معاشی پالیسیوں کی وجہ سے شدید مہنگائی، غربت اور بیروزگاری سے تنگ عوام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تازہ ترین