پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 میں شرکت کیلئے غیر ملکی کوچنگ اسٹاف اور کھلاڑی کراچی پہنچنا شروع ہوگئے، کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ کے بعد ٹیمیں 15فروری سے ٹریننگ کا آغاز کریں گی۔
پی ایس ایل6 کیلئے کراچی کنگز کے کوچ ہرشل گبز اور اسسٹنٹ کوچ ڈگی براؤن کے علاوہ غیر ملکی کھلاڑی چیڈ ویک والٹن، نور احمد، کولن انگرام کراچی پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب ملکی کھلاڑیوں نے بھی کراچی پہنچنا شروع کردیا ہے، وہاب ریاض، شعیب ملک، امام الحق ، کامران اکمل محمد عرفان اور دیگر ملکی کھلاڑی نے کراچی میں ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔
فرنچائز کے اسکواڈ مکمل ہونے پر کوویڈ ٹیسٹ ہونگے، رپورٹ کلیئر آنے پر کھلاڑی اور آفیشلز بائیو سیکیور ببل میں جائیں گے، فرنچائز ٹیموں کے ٹریننگ سیشنز 15 فروری سے شروع ہونگے۔
15 فروری کو سہ پہر3 بجے پشاور زلمی، رات 7:30 بجے ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں پریکٹس کریں گی جبکہ لاہور قلندر اور کوئٹہ گلیڈئیٹر کی ٹیموں کا ٹریننگ سیشن منگل کو ہوگا۔
دوسری جانب پی سی بی نے پی ایس ایل کے میچز کے اوقات کار کا شیڈول جاری کر دیا ہے، ہفتے سے جمعرات تک ڈے میچز کا آغاز دوپہر 2 بجے اور نائٹ میچز شام 7 بجے ہوں گے جبکہ جمعے کو ہونے والے ڈبل ہیڈر کا پہلا میچ سہ پہر 3 بجے جبکہ دوسرا میچ رات 8 بجے شروع ہوگا۔