• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ، فیصل واوڈا ڈٹ کر بات کرتے ہیں اسلئے انتخاب کیا، فواد چوہدری


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا ڈٹ کر بات کرتے ہیں اس لئے سینیٹ کیلئے ان کا انتخاب کیا گیا، بلوچستان سے عبدالقادر بی اے پی اور پی ٹی آئی کے مشترکہ امیدوار ہیں، ویڈیو میں نظر آنے والے ارکان کے ووٹ سے کامیاب ہونے والے سینیٹرز کے نام بھی سامنے لائیں گے، ویڈیو میں پیسے لینے والے ارکان اسمبلی کے بیانات فحش گوئی کے مترادف ہیں،آج کی پوزیشن دیکھیں تو سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے ہوں گے۔وہ جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان ،ن لیگ کے رہنما عطاء تارڑ اور صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری حسیب بھی شریک تھے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عطاء تارڑ کو گرفتار نہیں کیا گیا وہ خود گاڑی میں بیٹھ کر تھانے گئے، عطاء تارڑ کو خودنمائی اور سستی شہرت کا شوق ہے،جعلی راجکماری کی سیاست اسے بند گلی میں لے گئی ہے۔عطاء تارڑ نے کہا کہ مرضی سے تھانے نہیں گیا پولیس زبردستی تھانے لے کر گئی، عابد رضا گجرات کے ایم این اے ہیں، ان کے پاس لائسنس یافتہ گن ہے جو وہ گاڑی میں رکھتے ہیں، راہگیر موبائل فون سے اس واقعہ کی ویڈیو بنارہے تھے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔چوہدری حسیب نے کہا کہ وکلاء کا احتجاج اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے ہے، کورٹ کمپلیکس بنادیں چیمبرز کا مسئلہ ختم ہوجائے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ پر حملہ کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نےکہا کہ سینیٹ میں ووکل آواز چاہئے اس لیے فیصل واوڈا کا انتخاب کیا گیا ہے، فیصل واوڈا گھن گرج کے ساتھ ڈٹ کر بات اور مقابلہ کرتے ہیں سینیٹ میں ایسا شخص چاہئے، ، ارکان اسمبلی کی دہری شہریت کے معاملہ میں عدالت کے مختلف فیصلے ہیں، کچھ فیصلے کہتے ہیں شہریت چھوڑنے کی تاریخ شمار ہوگی، کچھ فیصلے کہتے ہیں کہ شہریت چھوڑنے کے سرٹیفیکٹ سے تاریخ شمار ہوگی، سپریم کورٹ کے فیصلوں میں اس ابہام کو ختم کرنا ضروری ہے۔

تازہ ترین