کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوسرے روز پاکستان پیپلزپارٹی،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے نامزد 20امیدواروں نے سینیٹ کی جنرلٹیکنوکریٹ اورخواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے اپنے اپنے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن سندھ میں جمع کرادیئے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے نامزد امیدواروں نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی قیاد ت میں الیکشن کمیشن سندھ پہنچ کراپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے سینیٹ کی سات جنرل نشستوں کیلئے نامزد امیدوارصادق علی میمن، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمٰن،دوست علی جیسر،جام مہتاب حسین ڈہر،تاج حیدر،شہادت اعوان نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے، خواتین کی دو مخصوص نشستوں کیلئے پیپلزپارٹی کی جانب سے تین امیدواروں پلوشہ خان، خیرالنساء مغل،رخسانہ پروین شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔سندھ سے سینیٹ کی ٹیکنوکریٹ کی دو نشستوں کیلئے پیپلزپارٹی کے تین امیدواروں فاروق ایچ نائیک، ڈاکٹرکریم خواجہ اورشہادت اعوان نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے سینیٹ کی جنرل نشست کیلئے ظفر احمد کمالی،سہیل منصورخواجہ،سید فیصل علی سبزواری اور عبدالقادر خانزادہ نے جبکہ خواتین کی مخصوص نشست کیلئے ایم کیوایم پاکستان کی خالدہ بی بی اورٹیکنوکریٹ کی نشست کیلئے عبدالرؤف صدیقی اور سید خضر عسکر زیدی نے نامزدگی فارم جمع کرائے۔سندھ میں سینیٹ انتخابات کیلئے 222 کاغذات نامزدگی حاصل کیے گئے ہیں مگر پہلے دوروز کے دوران 20 امیدواروں نے نامزدگی فارم جمع کرائے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے شیڈول میں توسیع کردی ہے اور امیدواروں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 15 فروری تک بڑھا دی گئی ہے۔سینیٹ کیلئے نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری کو جاری ہوگی جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 17 تا 18 فروری کو ہوگی، کاغذات پر اپیلیں 20 فروری تک دائر ہوسکیں گی 23 فروری تک تمام اپیلوں کو نمٹا دیا جائیگا اور24 فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی اور25 فروری تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔