اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف ریٹرننگ آفیسر سینیٹ الیکشن کو تحریری درخواست ارسال کر دی۔
حلیم عادل شیخ کی جانب سے دی گئی درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ 14 فروری کو وزیر اعلی نے نیشنل میڈیا کے سامنے سینیٹ انتخابات میں سندھ سے ووٹوں سے زیادہ دس سیٹیں حاصل کرنے کا بیان دیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ وزیر اعلی سندھ الیکشن رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سینیٹ انتخابات میں ملوث ہوئے ہیں۔ ووٹوں سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنے کا بیان دیکر وزیر اعلی کرپٹ پریکٹس میں ملوث ثابت ہوئے ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے سندھ سے 10 سیٹیں حاصل کر کے وفاقی حکومت کو سرپرائز دینے کا بیان دیا تھا، وزیر اعلی سندھ کو ممبر صوبائی اسمبلی کی سیٹ سے نااہل قرار دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کاسینیٹ انتخابات میں ووٹوں سےزیادہ سیٹیں لینےکا بیان اعتراف جرم ہے، وزیر اعلیٰ سندھ سینیٹ انتخابات میں خرید و فروخت کرنے کا اعتراف کر چکے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے اس بیان کو سپریم کورٹ میں بطور ثبوت پیش کیا جائے گا۔