• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان نے عوام پر ٹیکس بوجھ میں کمی کا آؤٹ آف باکس حل مانگ لیا



وزیراعظم عمران خان نے عوام پر بالواسطہ ٹیکسوں کے بوجھ میں کمی سے متعلق آؤٹ آف باکس حل تجویز کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے مختلف مجوزہ اقدامات پر غور کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے دوران اجلاس کہا کہ گندم کی پیداوار، ملکی ضروریات اور سرکاری سطح پر خرید کا پلان جلد پیش کیا جائے گا۔


اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کو درآمدی گھی، دالوں اور دیگر اجناس پر ڈیوٹیز کی شرح اور چھوٹ پر بریفنگ دی اور پٹرولیم مصنوعات پر اوگرا کی سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، عوام پر بالواسطہ ٹیکسوں کے بوجھ میں کمی سےمتعلق آؤٹ آف باکس حل تجویز کیے جائیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ ملک کی آمدن و اخراجات میں توازن برقرار رکھا جا سکے، ملک کو مزید قرضوں کی دلدل سے بچانے کے لیے آمدن و اخراجات میں توازن یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ گندم پر اٹھنے والے انتظامی اخراجات کے ہر پہلو کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور ایسا نظام وضع کیا جائے کہ غیر ضروری اخراجات میں ہرایک روپے کی بھی بچت ہوسکے۔

تازہ ترین