کراچی، اسلام آباد (جنگ نیوز، خبرایجنسی) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہےکہ دعا اور امید ہے ایک فرد کی خواہش پر ایک جماعت کو ریلیف دینے اور حکومت کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کیلئے پوری عدلیہ کی ساکھ کو دائو پر نہیں لگایا جائے گا، دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز سیاسی طور پر بالکل نابلد ہیں، انہوں نےملک کی اعلیٰ ترین عدالت کو ڈکٹیٹ کرنے کی کوشش کی ہے۔تفصیلات کےمطابق مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا ہےکہ آئین کی واضح شق کے ہوتے ہوئے نظریہ ضرورت کو زندہ کرنا ملک، قوم اور خود عدلیہ کیلئے بہت بڑا المیہ ہو گا، دعا اور امید ہے ایک فرد کی خواہش پر ایک جماعت کو ریلیف دینے اور حکومت کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کیلئے پوری عدلیہ کی ساکھ کو داو پر نہیں لگایا جائے گا۔ دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز نے ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کو ڈکٹیٹ کرنے کی کوشش کی ہے ،مریم نواز سیاسی طور پر بالکل نابلد ہیں، انہوں نےکوئی سیاسی کام نہیںکیا، اپنے والد کی وجہ سے پارٹی کے بڑے عہدے پر زبردستی براجمان ہو گئی ہیں، یہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، کوئی شہری اپنے ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کو یہ نہیں بتا سکتا کہ آپ نے کون سا فیصلہ کیسے کرنا ہے، اگر آپ یہ فیصلہ دیں گے تو اس سے یہ لگے گا کہ آپ کسی کی سائیڈ لے رہے ہیں،مریم نواز فیصلے سے پہلے ہی عدالت کو دھمکی دے رہی ہیں کہ اگر ایسا فیصلہ آیا تو آپ کسی کے کہنے پر یہ فیصلہ کر رہے ہیں۔