پشاور(وقائع نگار)ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر)خالد محمود نے کہا ہے کہ پشاور کو سرسبز و شاداب بنانے اور اس کی خوبصورتی کو اجاگر کر نے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر پشاور نے پشاور کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کیا۔ ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان، اسسٹنٹ کمشنر سید نعمان علی شاہ، ڈائریکٹر پی ڈی اے انجینئر عبدالغفور، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تنزیل الرحمان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے یونیورسٹی روڈ، جمروڈ روڈ، کارخانو مارکیٹ، انڈسٹریل سٹیٹ، حیات آباد کے مختلف علاقوں، رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ کا دورہ کیا۔ انھوں نے افسران کو پشاور کے مختلف مقامات سے سیمنٹ و کنکریٹ بلاکس کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا اور سڑکوں کی مرمت اور خوبصورتی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے موسم بہار کی شجر کاری کے حوالے سے پشاور بھر میں مختلف مقامات اور سڑکوں کے کنارے پودے، درخت لگانے کا حکم دیا۔ انھوں نے افسران کو مختلف علاقوں میں شجر کاری کے لیے جگہوں کی نشاندہی کی۔ اسسٹنٹ کمشنر (متنی) عادل ایوب نے ان کو رنگ روڈ پر شجر کاری کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کے مطابق پشاور کو سرسبز و شاداب بنانے اور اس کی خوبصورتی کو اجاگر کرنے کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور سڑکوں کے کنارے گرین بیلٹ بنائے جا رہے ہیں۔جس کے لیے محکمہ پی ڈی اے سمیت دیگر اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موسم بہار کی شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے اور پشاور کو سرسبز و شاداب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور اس پودوں کو حفاظت کریں اور یہ ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہو سکے گا۔