قومی اور صوبائی اسمبلی کے دو دو حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا، ووٹنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
این اے 75 ڈسکہ اور پی پی 51 گوجرانوالا میں مسلم لیگ نون اور حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، این اے 45 کرم ایجنسی اور پی کے 63 نوشہرہ میں بھی آج پولنگ ہو رہی ہے۔
سیالکوٹ میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 75 میں آج ضمنی الیکشن ہورہے ہیں، یہ نشست مسلم لیگ نون کے ایم این اے سید افتخار الحسن شاہ المعروف سید ظاہرے شاہ کےانتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
حلقے میں 360 پولنگ اسٹیشنز قائم کیئے گئے ہیں، جبکہ یہاں کل ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 94 ہزار 3 ہے، جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 73 ہزار 6 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 20 ہزار 997 ہے۔
مسلم لیگ نون نے اس بار اپنے مرحوم ایم این اے کی بیٹی سیدہ نوشین افتخار کو میدان میں اتارا ہے، پیپلزپارٹی نے اپنا امیدوار نون لیگ کے حق میں دستبردار کرا لیا ہے، جبکہ تحریکِ انصاف کے نامزد امید وار علی اسجد ملہی ہیں۔
پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 51 گوجرانوالا میں بھی آج ضمنی الیکشن ہو رہے ہیں، یہ نشست مسلم لیگ نون کے ایم پی اے شوکت منظور چیمہ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
نون لیگ نے شوکت منظور چیمہ کی بیوہ بیگم طلعت منظور چیمہ کو امیدوار نامزد کیا ہے، پیپلز پارٹی نے یہاں بھی اپنا امیدوار نون لیگ کے حق میں دستبردار کرا لیا ہے۔
تحریکِ انصاف نے چوہدری محمد یوسف کو میدان میں اتارا ہے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار ناصر محمود ہیں۔
نون لیگ نے عام انتخابات کے دوران یہ نشست 31 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری سے جیتی تھی۔
یہ حلقہ وزیر آباد شہر، سوہدرہ اور دیگر دیہاتی علاقوں پرمشتمل ہے، یہاں کل ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 53 ہزار 949 ہے جبکہ 162 پولنگ اسٹیشن قائم کیئے گئے ہیں جن میں سے 8 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
خیبر پختون خوا کے ضلع نوشہرہ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 63 میں آج ضمنی الیکشن ہو رہا ہے، یہ نشست تحریکِ انصاف کے ایم پی اے میاں جمشید الدین کاکا خیل کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
یہاں نون لیگ کے میاں اختیار ولی خان جبکہ تحریکِ انصاف کے میاں عمر کاکا خیل میدان میں ہیں۔
اے این پی نے میاں وجاہت اللّٰہ اور تحریکِ لبیک نے مولانا ثناء اللّٰہ کو میدان میں اتارا ہے۔
حلقے میں 1 لاکھ 41 ہزار 934 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جن میں سے 79 ہزار 63 مرد جبکہ 62 ہزار 871 خواتین ووٹرز ہیں۔
ضلع کرم کے حلقہ این اے 45 کرم ون میں بھی آج ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، حلقے میں 27 امیدوار میدان میں ہیں۔
پی ٹی آئی کے فخر زمان، آزاد امیدوار سید جمال، جے یو آئی کے جمیل چمکنی کے مابین کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
یہ نشست جے یو آئی ف کے ایم این اے منیر خان اورکزئی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔