عروسہ نواز کی شاندار گول کیپنگ اور علینا صفدر، زولفیہ نذیر اور سوہا ہیرانی کی پینلٹیز پر خوبصورت گولز کی بدولت سندھ نے پنجاب کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیکر قائداعظم انٹرپراونیشنل ویمنز فٹ بال کا ٹائٹل جیت لیا۔
تیسری پوزیشن کے میچ میں گلگت بلتستان نے اسلام آباد کو ایک صفر سے شکست دی۔ اسلام آباد کے جناح فٹ بال اسٹیڈیم میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے فائنل میں سندھ اور پنجاب کا فائنل انتہائی دلچسپ رہا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ مقررہ وقت پر بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے دونوں ٹیموں کو پینلٹی ککس دی گئی جس پر سندھ کی جانب سے علینا صفدر، زولفیہ نذیر اور سوہا ہیرانی نے گول کئے۔
پنجاب کی کوئی کھلاڑی گول نہ کرسکی۔ سندھ کی گول کیپر عروسہ نواز نے میچ کے دوران انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی گول بچائے اور پینلٹی ککس پر بھی پنجاب کو گول کرنے سے روکے رکھا۔