اینجامینا ( نیوز ڈیسک) وسطی افریقا کے ملک چاڈ کے جنوبی علاقے میں خانہ بدوش چرواہوں اور کسانوں کے درمیان شدید جھڑپ میں 35 افراد ہلاک ہو گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق سلامت نامی صوبے کے ایک سرکاری عہدے دار مارا معاد نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان جھڑپوں کا آغاز 15 فروری سے ہوا تھا، جن پر قابو پانے کے لیے حکومت نے سیکورٹی اہل کار تعینات کر دیے ہیں۔ جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔ واضح رہے کہ جنوبی چاڈ کا علاقہ مقامی کسانوں اور خانہ بدوش چرواہوں کے درمیان جھڑپوں کا شکار رہتا ہے اور گزشتہ سال نومبر میں بھی کابیہ نامی علاقے میں ہونے والی جھڑپ کے دوران 22 افراد ہلاک ہوئے تھے۔