پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا چھٹا ایڈیشن آج سے شروع ہو رہا ہے، میچز کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، حکیم سعید گراؤنڈ میں بنائی گئی پارکنگ کو سجا دیا گیا ہے، ٹریفک کی روانی کے لیے پلان بھی مرتب کرلیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق پی ایس ایل کے موقع پر ٹریفک کی روانی کے لیے بند سڑک میچ کے دوران کھلے رہیں گے، نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف تمام روڈ کھول دیئے گئے ہیں، تاہم سرشاہ سلیمان روڈ کا ایک حصہ جو حسن اسکوائر سے نیشنل اسٹیڈیم کو جاتا ہے ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔
ایس ایس پی ساجد سدوزئی کے مطابق کارساز سے سینٹرل جیل جانے والی سڑک، اسٹیڈیم فلائی اوور سے حسن اسکوائر جانے والی سڑک اور ملینیم مال سے نیو ٹاؤن جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی۔
اس کے علاوہ پی ایس ایل کے موقع پر حکیم سعید گراؤنڈ میں بنائی گئی پارکنگ کو سجادیا گیا ہے، مختلف کھلاڑیوں کی تصاویر پارکنگ میں لگائی گئی ہیں، پورے پارکنگ گراؤنڈ کو رنگ برنگے غباروں سے سجایا گیا ہے۔
شہریوں کے لئے پانی اور واش روم کا بھی انتظام کیا گیا ہے، پارکنگ گراؤنڈ میں واک تھرو گیٹس بھی نصب کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پی ایس ایل کے میچز کے لئے سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا اور بتایا گیا کہ ایونٹ کے دوران 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔
نیشنل اسٹیڈیم پر خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس بھی تعینات ہوگی، پی ایس ایل میچز کے دوران فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کمانڈوز اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات ہوں گےْ
نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین کے لئےپارکنگ پوائنٹس مختص ہیں، یونیورسٹی روڈ پر حکیم سعید گراؤنڈ کو پارکنگ پوائنٹ بنایا گیا ہے، اس کے علاوہ نیشنل کوچنگ سینٹر سے متصل چائنا گراؤنڈ وی آئی پی پارکنگ کے لیے مختص ہے۔
اسٹیڈیم میں داخلے کے لئے شائقین کو میچ ٹکٹ اور اصل قومی شناختی کارڈ لانا ہوگا، کھانے پینے کی اشیاء، پانی کی بوتلیں اور دیگر سامان اسٹیڈیم لانے کی ممانعت ہوگی۔