• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز رشید کی اپیل پر سماعت، پنجاب ہاؤس کا ریکارڈ طلب

لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے مسلم لیگ نون کے امیدوار پرویز رشید کی سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی، عدالت نےالیکشن کمیشن اور پنجاب ہاؤس کے ذمے دار افسر کو کل کیلئے نوٹس جاری کر دیئے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے پرویز رشید کی ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔

پرویزرشید کے وکیل اعظم تارڑ نے دلائل دیئےکہ پرویزرشید کوپنجاب ہاؤس نے واجبات کیلئے فوٹو کاپی نوٹسز جاری کیے، پرویز رشید 28 گھنٹے پیسے لے کر پھرتے رہے، واجبات ادا کرنے کی کوشش بھی کی، مگر کسی نے رقم وصول نہ کی۔


جسٹس شاہد وحید نے باور کرایا کہ پرویز رشید نے جب پنجاب ہاؤس سے چیک آؤٹ کیا، تب ہی رقم جمع کرا دینی چاہیے تھی ۔

پرویز رشید کے وکیل اعظم تارڑ نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کےتحت یہ رقم کسی بھی وقت جمع کرائی جاسکتی ہے۔

احسن بھون وکیل پرویز رشید نے کہا کہ پرویز رشید تین مرتبہ سینیٹر منتخب ہوئے، ان کے مطابق 2011 سے نادہندہ ہیں تو پھر انہوں نے پہلے کیسے الیکشن لڑا، اعتراض کنندہ کے وکیل نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں پنجاب ہاؤس ان کے کنٹرول میں تھا۔

ایڈووکیٹ رانا مدثر نے کہا کہ عدالت میں پرویز رشید کے وکیل نے غلط بیانی کی،ہم نے فوٹوکاپی نہیں بلکہ پنجاب ہاؤس اور آڈٹ کی دستاویزات دیں۔

اعتراض کنندہ رانا مدثر نے کہا کہ پرویز رشید کہیں انکار نہیں کر رہے کہ وہ وہاں رہائش پذیر نہیں تھے۔

الیکشن ٹریبونل نے 23 فروری کو پنجاب ہاؤس سے ریکارڈ طلب کر لیا۔

تازہ ترین