حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے الیکشن لڑنے سے حکومتی صفوں میں کھلبلی مچ گئی ہے، پی ڈی ایم گیلانی کی کامیابی کیلئے کوشش کرے گی۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ الیکشن میں حمایت کے لیے پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں متحد ہیں، یہ پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں حفیظ شیخ الیکشن لڑ رہے ہیں، ہر حکومت میں ملکی خزانہ حفیظ شیخ کے ہاتھ میں رہا، عام آدمی ڈھائی سال سے کرب سے گزر رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن کاکہنا تھا کہ عام آدمی کی قوت خرید جواب دے چکی ہے، بجلی، گیس، چینی، آٹا، گھی سب چیزیں مہنگی ہو رہی ہیں، چیزوں کی مہنگائی کا ذمے دار کون ہے؟
فضل الرحمٰن نے کہا کہ ایسےلوگوں کے ہاتھ ملک کے قلمدان دیکر آپ ملک کو کہاں لے جانا چاہتے ہیں، پی ڈی ایم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کیلئے کوشش کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ یوسف رضا گیلانی کا چیئرمین سینیٹ بننا ہم سب کیلئے اعزاز ہوگا۔