کراچی(اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر پروفیسر سعید الدین نے پرائیویٹ کالجزاور ہائر سیکنڈری اسکولز کے طلباء کیلئے انٹرمیڈیٹ اول، دوم اور حصہ اول و دوم باہم کے سالانہ امتحانات برائے 2021ء کیلئے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخوں میں توسیع کردی۔ انٹربورڈ کراچی کے نوٹیفکیشن کے مطابق سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے انٹرمیڈیٹ دوم اور اول و دوم باہم کے سالانہ امتحانات برائے 2021ء میں شرکت کے اہل پرائیویٹ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے ریگولر امیدوار اب اپنے امتحانی فارم جمعہ 19فروری 2021ء تک بغیر لیٹ فیس اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کراسکتے ہیں۔پرائیویٹ تعلیمی ادارے یہ امتحانی فارمز بمع فیس پے آرڈرز (آج) 23فروری 2021ء تک اپنے نمائندوں کے ذریعہ بورڈ آفس کے اکاؤنٹس سیکشن میں جمع کرانے کے پابند ہونگے جبکہ جمع کرائے جانیوالے امتحانی فارمز کی مکمل فہرست بھی تعلیمی اداروں کے سربراہ کے دستخط کے ساتھ جمع کرانا ہوگی۔ نجی تعلیمی اداروں کے جو طلباء کسی ناگزیر وجہ سے اپنے امتحانی فارم درج بالا تاریخوں میں جمع نہیں کراسکیں وہ اپنے امتحانی فارم 500روپے لیٹ فیس کے ساتھ جمعہ 5مارچ 2021ء تک جبکہ 1000روپے لیٹ فیس کے ساتھ پیر 8مارچ سے جمعرات 18مارچ 2021ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کراسکتے ہیں۔ امتحانی فارمز اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل ویب سائٹ www.biek@edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔