اسلام آباد( نمائندہ جنگ) قطر کےوزیر خارجہ کے خصوصی ایلچی ڈاکٹر ملت بن مجید القحطانی نے جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی )بھی موجود تھے،ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی کی صورتحال ، مختلف شعبوں میں تعاون اور افغانستان میں مفاہمت کے عمل میں سہولیات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، چیف آف آرمی اسٹاف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے مابین خوشگوار تعلقات اور اخوت تاریخی ہیں جو پائیدار شراکت میں تبدیل ہوچکے ہیں، وفد نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مستقل کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے مابین بہتر تعلقات کیلئے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔