• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مضاربہ متاثرین کی رقم واپسی کیلئے مقدمات کی موثر پیروی کی جائے،چیئرمین نیب

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ مضاربہ متاثرین سے لوٹی گئی رقم کی واپسی کے لئے ان مقدمات کی قانون کے مطابق موثر پیروی کی جائے، اسکینڈل کے مفرور مجرمان کو گرفتار کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مضاربہ مقدمات پر تازہ ترین پیشرفت سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ احتساب عدالت نے مفتی احسان الحق کودس سال قید اور 9 ارب روپے جرمانہ جبکہ دیگر9شریک ملزمان کوایک ارب روپے جرمانہ کی سزا سنائی،یہ نیب کی تاریخ کی زیادہ سے زیادہ سزا تھی۔نیب راولپنڈی کی جانب سے احتساب عدالت میں قانون کے مطابق ٹھوس ثبوت فراہم کرنے پر ان کو مجرم قرار دیا گیا، اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ نیب راولپنڈی نے متعلقہ احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 30ریفرنس دائر کئے ،1646.5 ملین روپے کےاثاثے ضبط کرنے کے علاوہ 644.877837ملین روپے ریکور کئے ہیں۔اس اسیکنڈل کے متاثرین کی تعداد 31524 ہے۔نیب راولپنڈی نے مضاربہ سکینڈل میں مفتی احسان الحق،مفتی ابرار الحق،حافظ محمد نواز،معین اسلم، عبیداللہ، مفتی شبیر،احمد عثمانی،سجاد احمد،آصف جاوید،غلام رسول ایوبی،محمدحسین احمد،حامدنواز،محمدعرفان،بلال خان بنگش،مطیع الرحمن،محمد نعمان قریشی،سید اکشیید حسین،محمد عادل بٹ،محمد ثاقب،عمیر احمد،عقیل عباسی،مفتی حنیف خان،نزیراحمدابراہیم الشوریم سمیت 45 ملزمان کو گرفتارکیاہے۔

تازہ ترین