• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردی کیخلاف مدد پر سری لنکا پاکستان کا معترف ہے: وزیرِ خارجہ


وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی سری لنکن ہم منصب سے ملاقات مفید رہی، سری لنکا معترف ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی پر قابو پانے میں ان کاساتھ دیا۔

سری لنکن دارالحکومت کولمبو میں وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ سری لنکا سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے یہ بات کہی۔

انہوں نے بتایا کہ سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں، دورۂ سری لنکا میں معاشی تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان عالمی فورمز پر ہم آہنگی ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے دفاع اور سیکیورٹی میں تعاون ہمارے لیے یکساں اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ، ہیومن رائٹس کونسل اور دیگر عالمی فورمز پر سری لنکا سے ہم آہنگی ہے، پاکستان نے سب سے پہلا ایف ٹی اے معاہدہ سری لنکا سے کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک سری لنکا وزرائے اعظم میں تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے تبادلۂ خیال کیا گیا، بزنس کونسل اجلاس میں معاشی روابط اور تجارتی تعلقات کے فروغ پر بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کو 15 ملین ڈالر کی کریڈٹ لائن کی پیشکش کی ہے، دونوں ملکوں کے درمیان دہشت گردی کے خلاف معلومات کے تبادلے اور تربیت کے لیے تعاون جاری ہے۔


وزیرِ خارجہ نے بتایا کہ پاکستان میڈیکل کے شعبے میں سری لنکا کی معاونت کر سکتا ہے، پاکستان کے معروف میڈیکل انسٹیٹیوٹس میں سری لنکن طلباء کو مزید 100 وظائف دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے وزیرِ خارجہ سے علاقائی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کریں گے، سارک فورم کو مزید فعال بنانے کے لیے بھی گفتگو ہو گی۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ کھیل کے میدان میں ہم سری لنکا کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، سری لنکاکی قدیم یونیورسٹی میں کلچرل سینٹر بنانے کا ارادہ ہے۔

تازہ ترین