• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اسمبلی: حمزہ شہباز کی رہائی پر مبارکباد کی قرارداد جمع

قائدِ حزب اختلاف اور مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز شریف کی رہائی پر مبارک باد کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔

قرار داد پنجاب اسمبلی کی رکن اور نون لیگی رہنما رابعہ فاروقی نے جمع کروائی۔

قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز شریف کی ضمانت پر رہائی کے فیصلے پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہے۔

متن میں کہا گیا ہے کہ ملک میں سول آمریت مسلط ہے، موجودہ حکومت کو جب سے اقتدار ملا ہے وہ اپوزیشن کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے، اس سلسلے میں مسلم لیگ نون کے قائدین کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا یا جا رہا ہے، جس سے جمہوری عمل تعطل کا شکار ہوا ہے۔

قرار داد کے متن کے مطابق حمزہ شہباز کی رہائی کے فیصلے سے جمہوری عمل میں تیزی آئے گی اور سیاسی عمل بحال ہو گا، حمزہ شہباز شریف نے جمہوریت کی خاطر تاریخی ساز جدوجہد کی ہے۔

متن میں مزید کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز شریف نے ملک کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، انہوں نے غیر جمہوری اقدام کے خلاف بھی تاریخ ساز جدوجہد کی اور جمہوریت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا۔


قرار داد کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومتی جبر حمزہ شہباز کو اپنے مقاصد سے نہیں روک سکتا اور وہ ہر صورت اپنے نیک مقاصد میں کامیاب ہوں گے، حمزہ شہباز شریف قومی لیڈر ہیں اور پوری قوم ان کی رہائی کے فیصلے پر خوش ہے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز منی لانڈرنگ ریفرنس میں حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کی تھی، آج کوٹ لکھ پت جیل سے ان کی رہائی کا امکان ہے۔

تازہ ترین