• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی شاہی خاندان کو ایک سال قبل خیر باد کہنے والی جوڑی ہیری اور اُن کی اہلیہ، امریکی اداکارہ میگھن مارکل کا معروف میزبان اوپرا وِنفرے کو دیا گیا انٹرویو نشر کیے جانے سے قبل ہی ’تباہی‘ قرار دے دیا گیا ہے۔

ہیری اور میگھن مارکل شاہی خاندان چھوڑنے سے لے کر آج تک متنازع خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں، جہاں اس جوڑے سے ملکہ اور دیگر شاہی افراد ناراض نظر آ تے ہیں وہیں شاہی خاندان کے مداح بھی اب اس جوڑے  کے سخت خلاف ہو چکے ہیں اور ہیری اور میگھن کے ٹی وی پر بطور سلیبرٹی آنے سے بھی نالاں ہیں۔

دوسری جانب غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیری اور میگھن کے انٹرویو لینے پر معروف میزبان اوپرا وِنفرے کو بھی شاہی خاندان کے مداحوں اور تبصرہ نگاروں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال مارچ میں نشر کیے جانے والے انٹرویو سے متعلق شاہی خاندان کے تبصرہ نگاروں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہیری اور میگھن کا اوپرا انٹرویو ایک تباہی ثابت ہوگا، یہ انٹرویو شاہی خاندان کے لیے ایک بڑی مصیبت کھڑی کر دے گا، یہ ایک ایسا طوفان ہے جس کے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ شاہی خاندان کی حالیہ صورتحال کے مطابق ملکہ الزبتھ کو اپنے پوتے پر بھروسہ ہے کہ وہ خود کو اور شاہی خاندان کو رسوا نہیں کریں گے۔

دوسری جانب شاہی خاندان کے ترجمان رسل مائرز کا شاہی خاندان کی حالیہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ’حالات ملکہ الزبتھ کی سوچ کے بر عکس بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔‘

رسل مائرز کا کہنا ہے کہ ’یہ فکر صرف پیلس میں موجود لوگوں ہی کی نہیں ہے، یہ ایک ایسی صورتحال ہے جس کے بارے میں ہر کوئی ڈرتا ہے، ہیری اور میگھن نے اپنے انٹرویو سے متعلق پیلس میں کچھ بھی نہیں بتایا ، اُنہوں نے اس سے متعلق سینئر شاہی افراد سے بھی بات نہیں کی۔‘

شاہی ترجمان رسل مائزر کا کہنا ہے کہ ہیری اور میگھن کے انٹرویو کا سب ہی کو اچانک ٹوئٹر کے ذریعے معلوم ہوا تھا۔

واضح رہے کہ میگھن مارکل اور ہیری کی جانب سے اوپرا ونفرے کو دیئے گئے انٹرویو کی ریکارڈنگ مکمل ہو گئی ہے، مگھن اور ہیری اس انٹرویو کے دوران شاہی خاندان سے علیحدگی سے متعلق تفصیل سے بات کریں گے۔

تازہ ترین