• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کپڑوں پر کورونا وائرس کے اثرات تین دن برقرار رہ سکتے ہیں

راچڈیل (نمائندہ جنگ)سائنسدانوں نے ایک جدید تحقیق کی روشنی میں دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے اثرات تین دن تک کپڑوں پر برقراررہ سکتے ہیں، لیسٹر میں ڈی مونٹ فورٹ یونیورسٹی (ڈی ایم یو) کے ذریعہ کی گئی تحقیق میں یہ دیکھا گیا کہ صحت کی دیکھ بھال کے شعبہ میں عام طور پر استعمال ہونے والے کپڑوں پر کورونا وائرس کس طرح اثر انداز ہوتا ہے، تحقیق میں پایا گیا کہ پولیسٹر کے کپڑوں پر وائرس کی موجودگی 72گھنٹے تک جانچی جا سکتی ہے جب کہ کاٹن کے کپڑوں پر اس کے اثرا ت 24گھنٹے بعد ختم ہوجاتے ہیں تاہم کورونا وائرس صرف ایک پولی کلین ہائبرڈ پر چھ گھنٹے زندہ رہ سکتا ہے، اس تحقیق میں ایچ سی او وی او سی 43 نامی ایک ماڈل کورونا وائرس کا استعمال کیا گیا جو کہ سارس کووی 2 وائرس سے بہت ملتا ہے جو کوویڈ 19 کا سبب بنتا ہے پولی رائسٹر پولی کاٹن اور روئی میں بوندوں کو شامل کیا گیا تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ ان سطحوں پر وائرس کتنی دیر تک برقرار رہ سکتا ہے، محققین کا کہنا ہے اگر زندہ وائرس صحت سے متعلق پیشہ ور افراد کے لباس پر قائم رہتا ہے تو پھر اسے ہسپتال سے عملہ کے گھر لے جایا جاسکتا ہے اور مختلف سطحوں پر یہ پھلتا پھولتا رہے گا،تحقیق کی قیادت کرنے والے مائیکرو بایولوجسٹ ڈاکٹر کیٹی لیرڈ نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ ہسپتالوں میں تجارتی معیارات یا صنعتی کپڑے دھونے کے ذریعہ ہیلتھ کیئر کی وردی لانڈر کی جانی چاہیے، ڈی ایم یو میں متعدی بیماری ریسرچ گروپ کے سربراہ ڈاکٹر لیرڈ نے کہاجب وبائی بیماری کا آغاز سب سے پہلے ہوا تو بہت کم سمجھ میں آیاتھا کہ ٹیکسٹائل پر کورونا وائرس کتنی دیر تک زندہ رہ سکتا ہے، ہماری دریافتوں سے پتہ چلتا ہے کہ صحت کی دیکھ بھال میں عام طور پر استعمال ہونے والے تین ٹیکسٹائلوں میں تین پر کو روناوائرس کی منتقلی کا خطرہ لاحق ہے اگر نرسیں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکن اپنی وردی گھر لے جاتے ہیں تو وہ دوسری سطحوں پر وائرس کے آثار چھوڑ سکتے ہیں،پبلک ہیلتھ انگلینڈ (پی ایچ ای) نے 2020 میں ہدایت نامہ شائع کیا تھا جس میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کی وردی کو صنعتی معیار کے مطابق رکھنے کی تجویز دی تھی۔ این ایچ ایس کا کہنا ہے کہ کم از کم 60 ڈگری سینٹی گریڈ کا گھر واش ٹھیک ہے اور وہ پیتھوجینز سے نجات دلانے کے قابل ہے تاہم ڈاکٹر لیرڈ نے انتباہ کیا ہے کہ این ایچ ایس کی یہ رہنمائی14 سالہ پرانے ثبوت پر مبنی ہے اور اس کا فوری جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین