• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنیکا اعلان

حکومت کا الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنیکا اعلان


اسلام آ باد (نمائندہ جنگ ‘ایجنسیاں)وفاقی حکومت نے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیاہے ‘وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کی منظوری دے دی۔

ادھر معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ڈسکہ ضمنی الیکشن پرالیکشن کمیشن کے فیصلے پر ہمارے تحفظات ہیں‘ تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی قانونی آپشن استعمال کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کرینگے۔

ڈسکہ کے عوام نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیا لیکن فاتح امیدوار کو حلقے کی نمائندگی سے روکنا سمجھ سے بالاتر ہے‘الیکشن کمیشن اپنے قواعد و ضوابط کسی امیدوار کی خواہش کے تابع کرے گا تو اگلے بلدیاتی انتخابات کا کیا ہو گا‘‘وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کہتے ہیں کہ ڈسکہ میں ن لیگ کو دوبارہ شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وزیر اطلاعات سینیٹرشبلی فرازکا کہنا ہے کہ دھاندلی کرنا ہوتی تو ہم وزیر آباد میں بھی کر سکتے تھے‘ اداروں کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں‘الیکشن کمیشن نے مختصر فیصلہ سنایا ہے، ہم اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کریں گے۔ 

وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم بالخصوص ن لیگ کی غیر جمہوری اور شر انگیز کوششیں رنگ لے آئیں اور ڈسکہ ضمنی انتخابات متنازع قرار پائے۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اور خصوصی اجلاس جمعرات کی شام وزیر اعظم ہائوس میں ہوا۔ اجلاس میں سیاسی صورتحال بالخصوص حلقہ این اے 75 کے بارے میں الیکشن کمیشن کے فیصلے اور سینیٹ انتخابات پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سیا سی صورتحال پر مشاورت کے وقت بیورو کریٹس اجلاس میں موجود نہیں تھے ۔ وفاقی کابینہ نےڈسکہ ضمنی الیکشن پر اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا۔ 

وزیراعظم نے اپیل دائر کرنے کی منظوری دے دی ۔ وزیراعظم نے عثمان ڈار کو ٹاسک سونپ دیا۔کابینہ نےوزیراعظم کے سینیٹ الیکشن سے متعلق فیصلوں پر اعتمادکااظہار کیا‘سینیٹ امید واروں کی کامیابی کے لیے وزراء کو اہم رابطوں کا ٹاسک سونپ دیا گیا ۔ 

وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن پیسے کی سیاست کر رہی ہے‘ہم شفاف انتخابات اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ ہم میرٹ پر یقین رکھتے ہیں اور میرٹ کا شفاف نظام لانا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین