راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)مری روڈپرنکلنے والی ریلی اورفوارہ چوک میں احتجاجی مظاہرے کے باعث ٹریفک جام رہی ۔ہفتہ کوتحریک لبیک پاکستان کی جانب سے مری روڈپرریلی نکالی گئی جو لیاقت باغ سے فیض آبادگئی ۔اس دوران مری روڈپر کچھ دیرکیلئے بعض مقامات پر دیگرٹریفک کا داخلہ بندکردیاگیا جس کی وجہ سے راولپنڈی شہر اور کینٹ کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اورمری روڈاوراس سے متصل سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ، دوسری جانب تھانہ چونترہ کے علاقہ میں گزشتہ رات فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص کے ورثانے دن ساڑھے دس بجے کے قریب فوارہ چوک میں مقتول کی نعش رکھ کراحتجاج شروع کردیا۔ اس دوران فوارہ چوک ،لیاقت روڈ،راجہ بازار،سٹی صدر روڈ، اقبال روڈاورگنج منڈی روڈپرٹریفک رک گئی۔ مظاہرین تقریباً آدھے گھنٹے تک احتجاج کرتے رہے اورپولیس کے خلاف نعرے بازی کی جاتی رہی ،بعدازاں پولیس افسران نے موقع پرپہنچ کرمظاہرین سے مذاکرات کرنے کے بعدانہیں مظاہرہ ختم کرنے پرراضی کیاجس کے بعدٹریفک بحال کی گئی لیکن ٹریفک کی روانی اس کے بعدبھی خاصی دیرتک متاثررہی جس سے لوگوں کوشدیدزحمت اٹھانی پڑی۔