• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسد اچکزئی کا قتل ظلم،عوام کو حقائق سے آگاہ کیاجائے، ملک عثمان اچکزئی

کوئٹہ ( پ ر) اے این پی کےمرکزی سینئر نائب صدر ملک عثمان اچکزئی نے اے این پی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسد خان اچکزئی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عوام کو لاشوں کے تحفے دے کر پرامن فضاء کو خون سے نہلانے کی گہری سازش کی گئی ہے، کراچی سے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چند برسوں سے نوجوانوں کے کشت وخون اور حکومت کی بے حسی دیکھ کر صوبے کے عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے ۔ اے این پی کی ملکی سیاست میں کارکنوں اور قیادت کی بڑی قربانیاں ہیں اس کے باوجود بھی اے این پی نے باچا خان کے فکر فلسفہ پر عمل پیرا ہوکر عدم تشدد کی سیاست کو اپنایا پانچ ماہ کے عرصے میں اسد خان اچکزئی کی بازیابی اور محرکات کا کھوج لگانے اور اغوا کے محرکات سامنے لانے میں وفاقی اور صوبائی حکومت ناکام رہی لہٰذا حکومت اس مجرمانہ غفلت کی وجہ سے بری الذمہ نہیں ، اب عوام کو حقائق سے آگاہ کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی ظالمانہ کارروائیوں کی کسی قانون میں کوئی گنجائش نہیں ۔جن افراد کے قاتل نامعلوم ہو ں ریاست ہی اس کی قاتل تصور ہوگی ۔انہوں نے اسد خان اچکزئی کی المناک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ وہ اس غم میں برابر کےشریک ہیں۔
تازہ ترین