مانسہرہ(نمائندہ جنگ) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر اور پی ڈی ایم کے قائدمولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام دینی مدارس کی محافظ ہے دینی مدارس اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں جمعیت علماء اسلام ان کی پشت پر ہے دینی مدارس کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا دینی مدارس امت مسلمہ کی ترجمانی کر رہے ہیں ،مغربی قوتیں دینی مدارس کو ختم کرنے پر تلی ہوئی ہیں ،آج دینی مدارس نااہل حکمرانوں کے نشانے پر ہیں دینی مدارس کا دفاع ہر حال میں کریں گے ، دینی مدارس کو کسی کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑیں گے، دینی مدار س کے شانہ بشانہ چلیں گے۔ عالمی سطح پر امت مسلمہ کے خلاف سازش کا آغا ز ہو چکا ہے جس کے تحت علماء ، مدارس ، مساجد ان کے ہدف پر ہیں، دینی مدارس امن کی درسگاہ ہیں دینی مدارس اپنی ایک تاریخ رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خطیب اسلام حضرت مولانا سید شاہ عبد العزیز اور ان کی اہلیہ کی تعزیت کے سلسلے میں جامعہ عربیہ سراج العلوم ٹھاکرہ مانسہرہ آمد پر کیا ، جہاں انہوں نے طلبہ کو بخاری شریف کا درس بھی دیا اور یادگار اسلاف شیخ الحدیث حضرت مولانا سید غلام نبی شاہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ، اس موقع پرجمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عطاء الحق درویش ، صوبائی سینئر نائب امیر سابق سینیٹر مولانا سید ہدایت اللہ شاہ ، ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا ناصر محمود ،مفتی اسلم ، مفتی وقار الحق عثمان ، اور دیگر کثیر تعداد میں علماء کرام اور ورکروں نے شرکت کی۔