کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سی ٹی ڈی اور وفاقی حسا س ادارے نے سکھر پٹنی تھانے کی حدود میں کاروائی کرتے ہوئے مبینہ مقابلے میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ٹی ٹی پی جنوبی وزیرستان نور اسلام گروپ کے کارندے کسی بڑی دہشت گرد کارروائی کے لئے سندھ میں داخل ہوئے ہیں۔سی ٹی ڈی خفیہ اطلاعات کے بعد حساس ادارے اور سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی،سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ گزشتہ شب دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے محاصرہ کیا گیا تو انہوں نے فرار ہونے کی کوشش میں اہلکاروں پر فائرنگ کر دی،جوابی فائرنگ میں دو دہشت گرد مارے گئے۔ مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت ولایت زیب اور شاہ محمود کے ناموں سے ہوئی،سی ٹی ڈی کے مطابق نور اسلام گروپ جنوبی وزیرستان اور ضلع شانگلہ میں متعدد دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث ہے،ہلاک دہشت گرد شانگلہ میں پولیس موبائل کو بم سے اڑا کر پانچ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے کے واقعہ میں ملوث تھے،ٹی ٹی پی نور اسلام گروپ کے مارے گئے دہشت گردجنوبی وزیرستان میں پاک آرمی کی متعدد چیک پوسٹوں پر دستی بم حملوں میں بھی ملوث تھے۔