اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک الائنس ( پی ڈی ایم ) کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ جو تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف نہیں اُٹھے گا وہ ملک اور قوم کا خیر خواہ نہیں ہے۔
کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل اور اپوزیشن رہنما محمود خان اچکزئی کے ہمراہ بات چیت میں غفور حیدر ی نے کہا کہ حکومت کا خاتمہ ملک اور قوم کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی ایسا طبقہ نہیں جو احتجاج کے لیے نہ نکلا ہو، موجودہ حکمران شو پیس کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ ہم متحد ہوکر آئندہ بھی اسی طرح آگے بڑھتے رہیں گے، سینیٹ الیکشن کےبعد 26مارچ کو لانگ مارچ بھی بھرپور ہوگا۔
ٓاُن کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نےطے کیا ہے سینیٹ، ضمنی انتخابات مشترکہ لڑیں گے، بلوچستان میں ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم کے امیدوار زیادہ کامیاب ہوئے، لانگ مارچ بھرپور ہوگا، اتحاد کے ساتھ بڑھتے رہیں گے ۔
اس موقع پر اختر مینگل نے کہا کہ پہلے بھی اپوزیشن نےسینیٹ کے لیے مشترکہ امیدوار کھڑے کئے ہیں، آج ہماری نشست ہوئی، مشترکہ امیدواروں کے بارے میں طے کیا گیا ہے، ہم کل بھی بیٹھیں گے۔