اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) چکری روڈ پر دو ہائوسنگ سوسائٹیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں قتل ہونے والے ملازم عثمان ولد عبدالرحمان اور 3ماہ قبل فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے نوجوان کے والدین نے نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم سے انصاف دلانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پولیس قاتلوں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ قبل ازیں ہمدردان وطن پارٹی کے چیئرمین ایڈووکیٹ میاں غلام رسول نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام لگایا کہ راولپنڈی پولیس ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود نامزد ملزموں کو گرفتار نہیں کر رہی۔ میاں غلام رسول نے کہا کہ تین گھنٹے تک فائرنگ کی جاتی رہی، اور پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ دوسری طرف فوارہ چوک میں احتجاج پر لواحقین کیخلاف مقدمہ درج کر لیاگیا۔