• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپین کمیشن کی سیاحت کے فروغ کیلئے ویکسی نیشن پاسپورٹ کی تجویز

برسلز( حافظ انیب راشد) یورپین کمیشن سیاحت کے فروغ کیلئے اس ماہ ممبر ممالک کے سامنے کوویڈ19 ویکسی نیشن پاسپورٹ کی تجویز رکھے گا ۔ اس بات کا اعلان یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ویکسین پاسپورٹ کیلئے ممبر ممالک کے سامنے اس ماہ ایک ڈرافٹ لا پیش کرنے جارہے ہیں۔ یہ ویکسین پاسپورٹ ʼڈیجیٹل گرین پاسپورٹ کہلائے گا ۔ جس کے حامل شخص کے بارے میں اس بات کا ثبوت کہ اس شخص کو ویکسین لگ چکی ہے۔ پرانے کورونا ٹیسٹ کے رزلٹس اور کورونا ریکوری سمیت دیگر طبی معلومات دستیاب ہونگی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یقین دلایا کہ اس سلسلے میں ڈیٹا پروٹیکشن، سیکورٹی اور پرائیویسی کا احترام کیا جائے گا۔ کمیشن کی صدر نے مزید کہا کہ یہ ʼڈیجیٹل گرین پاسپورٹ یورپین زندگیوں کو آسان کرے گا۔ اسکا مقصد یہ ہے کہ وہ بتدریج یورپ اور اس سے باہر تحفظ کے ساتھ سفر کر سکیں۔ واضح رہے کہ یورپین کمیشن پر سپین، اٹلی اور یونان سمیت کئی ایسے ممبر ملکوں کا سفر کی اجازت کیلئے دبائو ہے ، جن کی معیشت کا دارومدار سیاحت پر ہے ۔ لیکن بلجیم سمیت کئی دیگر مغربی یورپ کے ممالک اس تجویز پر فوری عمل درآمد کے حق میں نہیں ہیں۔
تازہ ترین