• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ الیکشن سے پہلے ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت، 2ویڈیوز عام

سینیٹ الیکشن سے پہلے ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت، 2ویڈیوز عام


کراچی(جنگ نیوز،اسٹاف رپورٹر) ووٹوں کی مبینہ خریدوفروخت،ایک وڈیو ایک آڈیو عام، وڈیو میں یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا تے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ، جبکہ دوسری آڈیو مبینہ طور پرناصر شاہ سے منسوب کی گئی ہے جس میں ووٹوں کی خرید و فروخت کے حوالے سے بات چیت سنی جاسکتی ہے۔

وڈیو سامنے آنے کے بعد علی گیلانی کاکہناہےکہ پی ٹی آئی کے کچھ ایم پی ایز نے رابطہ کیا تھا، وہ حفیظ شیخ کی جگہ یوسف گیلانی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں،دوسری جانب پی پی کے صوبائی وزیر ناصر شاہ نے کہاہےکہ پی پی خریدو فروخت میں ملوث نہیں، آڈیو میں میری آوازثابت کردیں۔ 

تفصیلات کےمطابق سینیٹ انتخابات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اسلام آباد سے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتانے کی مبینہ ویڈیو منظرعام پر آگئی،ویڈیو میں علی حیدر گیلانی مبینہ طور پر ایک رکن کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں جبکہ یہ واضح بھی نہیں کہ ویڈیو میں موجود افراد کون ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا گیا کہ نمبرز یاد رکھنا ہے،خیال رہے کہ یہ ویڈیو حکمران جماعت تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ اور ان کے سرکردہ افراد کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ منظر عام پر آئی ویڈیو میری ہے، اس میں ممبران اسمبلی سے سینیٹ الیکشن پر بات ہورہی تھی،علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں میری گفتگو سب کے سامنے ہے جب کہ عمران خان نے جس طرح ووٹ خریدا وہ بھی سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے ارکان قومی اسمبلی کو 50 ،50 کروڑ روپےفنڈز دیےکیا یہ ووٹ خریدنا نہیں؟ الیکشن کمیشن کو اس پر نوٹس لینا چاہیے، ہم نے ساری زندگی ضمیرکا ووٹ مانگا ہے ،ہم نے کبھی ووٹوں کی خرید و فروخت میں حصہ نہیں ڈالا،تمام ممبران اسمبلی سے ووٹ مانگنا ہمارا حق ہے۔

ویڈیو کے حوالے سے علی حیدر گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ ہم سے تحریک انصاف کے کچھ ارکان اسمبلی نے رابطہ کیا تھا جن کا کہنا تھا کہ وہ حفیظ شیخ کے بجائے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔

منظر عام پر آنے والی آڈیو میںمبینہ طور پرعلی حیدر گیلانی نے ٹیلی فون پر تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی سے وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کی بات کروائی،تہلکہ خیز مبینہ آڈیو سے یہ سناجاسکتا ہے کہ سینیٹ کے لیے ووٹ مانگا اور خریدا جارہاہے۔

ادھرصوبائی وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے اراکین کے اغوا ء اور خریدوفروخت کے الزا ما ت کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور ہر کسی کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے ضمیر کے مطا بق ووٹ ڈالے کسی پر کوئی دباو نہیں۔

تازہ ترین