• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق پاکستانی کرکٹرز سخت برہم، پی سی بی حکام پر برس پڑے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل کے ملتوی ہونے پر سابق ٹیسٹ کر کٹرز اور منتخب نمائندوں نے بھی پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے بڑی ناکامی قرار دیا ہے۔ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا کہ پی سی بی کا میڈیکل پینل ناکام ہوگیا، پی سی بی پر یہ ذمہ داری ہے اور اس کی سزا بھی ہونی چاہئے۔ 250سے 300 افراد کے لئے ہوٹل بک نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی گالف کھیلنے جارہا ہے،کوئی کٹنگ کروارہا ہے، ماڈلز آرہی ہیں اور کوئی برینڈ ایمبیسڈر کے نام پر ہوٹل میں گھوم رہا ہے۔اعلی عدالت اور وزیر اعظم عمران خان سے اس کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے شاہد ٓافریدی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل جلد مکمل جوش و جذبہ کے ساتھ واپس آئے گی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ لیگ کو مقامی کھلاڑیوں سے مکمل کروانا چاہیے۔ میری مکمل سپورٹ پی ایس ایل کے ساتھ ہے۔سابق کپتان ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف کا کہنا ہے کہپی ایس ایل ملتوی کیے جانے میں فرنچائز اتنی ہی ذمہ دار ہیں جتنا پاکستان کرکٹ بورڈ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ کچھ عناصر چاہتے تھے کہ پی ایس ایل پاکستان سے نکل جائے۔ سابق چیف سلیکٹر اور سابق کپتان انضمام الحق نے کہا کہ پی ایس ایل کا گزشتہ سیزن بھی کورونا سے متاثر ہوا، اس بار بھی یہی ہوا جس کے باعث اب غیر ملکی کرکٹرز اور ٹیمیں کہہ سکتی ہیں کہ یہاں انتظامات ناکافی ہیں، مستقبل میں انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں ۔رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے پی سی بی حکام کے استعفی کا مطالبہ کردیا۔

تازہ ترین