کراچی(اسٹاف رپورٹر)ضیاء الدین یونیورسٹی کا 13واں جلسہ تقسیم اسناد بدھ کو ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوا جس میں 307 طالب علموں کو اسناد تفویض کی گئیں۔ اسناد حاصل کرنے والوں میں ایم فل، ایم بی بی ایس، فارم ڈی، ڈینٹسٹری، بائیو میڈیکل انجینئرنگ، میڈیکل ٹیکنالوجی، اسپیچ لینگویج، فزیکل تھراپی، کلینکل لیب سائنسز اور مختلف شعبہ جات میں ڈپلومہ کرنے والے طلبہ شامل ہیں۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ اور طالبات کو طلائی تمغوں سے بھی نوازا گیا جن میں ڈینٹل سرجری کے سلیمان، بایو میڈیکل کی عائشہ اختر، میڈیکل ٹیکنالوجی کی ردا معین، اسپیچ لینگویج تھراپی کی حفصہ منیر، جینیرک کی نورین شوکت، فزیکل تھراپی کی زلیخہ سلیم، ایم بی بی ایس کی ماہ نور عمران اور ڈاکٹر آف فارمیسی کی مینہ معراج شامل ہیں۔ جلسہ تقسیم اسناد کے مہمان خصوصی سینیٹ کے چیئرمین میاں رضا ربانی نے طلبہ کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اانہوں نے پیشہ ورانہ زندگی میں اخلاقیات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی اہم ہے کہ مہارت اور علم کی جھلک طالب علموں کی پیشہ ورانہ زندگی میں ہمیشہ نظر آنی چاہیے۔ اپنے کام میں نہ صرف فخر ہونا چاہیے بلکہ خود احتسابی بھی کرنی چاہیے اور اپنے علم میں ہمیشہ بہتری لانے کی کوششیں کرنی چاہئیں۔ سچ اور ضمیر کے مطابق اپنی سوچ کو آگے بڑھائیں اور اپنے کام کو محنت سے انجام دیں۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ڈاکٹر سید اظہر احمد نے کہا کہ آج کا دن کامیاب ہوئے والے طالب علموں کے لیے ایک انتہائی اہم اور سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ضیاء الدین یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین کا پیغام ایسوسی ایٹ ڈین، فیکلٹی افیئرز ڈاکٹر ندا حسین نے پڑھا۔ اپنے پیغام میں ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ کسی بھی ملک کے آئین کے بنیادی اصولوں میں بلا امتیاز انصاف، سوچ کی آزادی، قانون کے مطابق آزادی اظہار اور ہر انسان کی عزت وقار شامل ہوتے ہیں۔ اگر ان بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو ایک ایسا معاشرہ جنم لیتا ہے جس میں اخلاقیات کی کمی ہوتی ہے جیسا کہ آج کل ہے۔ انہوں نے اسناد حاصل کرنے والے طالب علموں کے والدین کو مبارکباد دی قبل ازیں استقبالیہ کلمات میں ضیاء الدین یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے طلبا اور والدین کو مبارکباد پیش کی ۔