• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خان صاحب! اعتماد کے ووٹ کا ڈرامہ چھوڑیں اور گھر جائیں، سید ناصر حسین شاہ

صوبائی وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ خان صاحب قومی اسمبلی میں آپ کو شکست مل چکی ہے، اعتماد کے ووٹ کا ڈرامہ چھوڑیں اور گھر جائیں۔

کراچی سے جاری کیے گئے اپنے بیان میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ڈی ایم قوم کی ترجمانی کرتے ہوئے آگے نکل چکی ہے، اگلا معرکہ سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کی سیٹ پر ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ خان صاحب پی ڈی ایم آپ کو سینیٹ میں شکست دے گی، پی ٹی آئی سے آپ کو سینیٹ کے چیئرمین کا امیدوار بھی نہیں مل سکا۔

ناصر حسین شاہ نے یہ بھی کہا کہ خان صاحب آپ تو اپنے اتحادیوں سے مشورہ کیے بغیر فیصلے کرتے ہیں، یہ کوئی آمریت یا بادشاہت نہیں، یہی آپ کی ناکامیوں کی وجہ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ سینیٹ کے بعد پنجاب پی ڈی ایم کا ٹارگٹ ہوگا، بھوکھلاہٹ میں اس کا ذمہ دار ریاست کے آئینی اداروں کو ٹھہرانہ عقل مندی نہیں۔

ناصر حسین شاہ نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کیا زرتاج گل اور شہریار آفریدی نے اپوزیشن سے ڈیل کرکے اپنا ووٹ ضائع کیا؟

اُن کا مزید کہنا تھا کہ خان صاحب قومی اسمبلی میں ووٹ ضائع کرنے والوں میں آپ کا بھی تو نام آرہا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ حکومت کو 180 ارکان کی حمایت حاصل ہے ۔ سادہ اکثریت کے لیے عمران خان کو 172 ووٹوں کی ضرورت ہے جبکہ اپوزیشن کے پاس نشستوں کی تعداد 160ہے۔

تازہ ترین