اکثر گھروں میں سامان کی کثرت کی وجہ سے اسے رکھنے کا مسئلہ درپیش آتا ہے۔ گھر میں اگر سامان رکھنے کی مناسب جگہ نہ ہو تو پورے گھر میں ہر جگہ پھیلاوا دِکھائی دیتا ہے اور ایسا عموماً کم رقبے پر تعمیرشدہ گھروں میں ہوتا ہے۔ اگر آپ کے گھر میں بھی سامان رکھنے کے لیے جگہ کی کمی ہے تو اسٹوریج کی اضافی جگہ کے حصول کے لیے گھر کے مختلف حصوں کو کام میں لائیں۔ آپ کے گھر میں بہت سی ایسی جگہیں ہوں گی جن پر آپ نے اس حوالے سے کبھی توجہ نہیں دی ہوگی۔ اس حوالے سے اگر دیواروں کو استعمال میں لایا جائے تو اسٹوریج کی اضافی جگہ ملنے کے ساتھ گھر کی آرائش و سجاوٹ کا سامان بھی کیا جاسکتا ہے۔
دیواریں ہر گھر کی بنیاد کا ایک لازمی جزوہیں، جن کے بغیر تعمیر مکمل نہیں ہوتی۔ گھر کو ’چار دیواری‘ کے لفظ سے بھی تشبیہہ دی جاتی ہے کیونکہ گھر چوکور شکل میں بنا ہوتا ہے اور ہر کمرے میں عموماً چار دیواریں موجود ہوتی ہیں، جنہیں اسٹوریج کے لیے استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ گھر کی تعمیراور تزئین نو کے دوران اگر اضافی اسٹوریج کے حصول کے لیے دیواروں کو کام میں لایا جائے تو بعد کی ممکنہ پریشانی سے بچا جاسکتا ہے۔ دیوار میں اسٹوریج کی جگہ بنانے کے لیے ذیل میں کچھ طریقے بتائے جارہے ہیں، جن پر آپ اپنی سہولت کے مطابق عمل کرسکتے ہیں۔
شیلف کا مٹیریل
شیلف بنانے کے لیے اسٹیل، لکڑی، لوہے، المونیم وغیرہ میں سے کسی بھی مٹیریل کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ تاہم، لکڑی کی شیلف بنوانے کا رواج عام ہے اور یہ دیکھنے میں زیادہ خوبصورت لگتی ہیں۔ آپ بیڈروم ،لیونگ روم، ہوم آفس روم یا کچن کی دیوار میں اسمارٹ آرگنائزر کے طور پر لکڑی کی ہینگنگ شیلف بنواسکتے ہیں۔
اس شیلف میں آپ تصاویر، میگزین، اخبارات وغیرہ رکھ سکتے ہیں یا پھر اسے چھوٹی چھوٹی دیگر ضروری اشیاسنبھال کر رکھنے کے لیےبھی استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ اس سے نہ صرف آپ کو اسٹوریج کی اضافی جگہ ملتی ہے بلکہ کمرے کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
ڈسپلے اسٹوریج
گھر کی آرائش و سجاوٹ میں ڈسپلے اسٹوریج اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کو بنانے کی بہترین جگہ راہداری یا ڈرائنگ روم کی دیوار ہے۔ جس دیوار پر ڈسپلے اسٹوریج بنانا ہو تو اس پر افقی (Horizontal) انداز میں لکڑی کی سادہ شیلف لگوائی جاسکتی ہیں۔ اس شیلف کو آپ آرائشی اشیا، پسندیدہ کتابوں اور تصاویر رکھنے کے لیے استعمال میں لاسکتے ہیں۔ اس طرح کی شیلف گھر کومنظم رکھنے میں بھی معاون ہوتی ہیں۔
لیونگ روم میں کیبنٹ
عموماً کچن میں کیبنٹس بنوائی جاتی ہیں مگر آپ کچھ مختلف کرتے ہوئے لیونگ روم کی کسی دیوار میں بھی اسے بنواسکتے ہیں۔ سب سے بہتر تو یہ ہے کہ جو دیوار ٹی وی لگانے کے لیے مختص کی گئی ہو، اس پرٹی وی کے نیچے ایک کیبنٹ بنوادی جائے۔ کیبنٹ کا رنگ لیونگ روم میں موجود فرنیچرکے رنگ سے ملتا جلتا ہونا چاہیے ۔
کڈزبیڈروم
گھر کے دیگر کمروں کے مقابلے میں بچوں کے بیڈ روم میں سب سے زیادہ سامان موجود ہوتا ہے۔ بچوں کے لیے ہر کچھ عرصے میں کپڑون اور جوتوں کی خریداری کی جاتی ہے، پھر کتابیں اور کھلونے بھی وقتاً فوقتاً خریدے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے بچوں کا بیڈروم بےترتیب معلوم ہوتا ہے۔ بچوں کے تمام سامان کو ترتیب اور حفاظت سے رکھنے کے لیے بیڈروم کی دیوار میں اسٹائلش شیلفس بنوائے جاسکتے ہیں جو اسٹوریج کا آسان حل ثابت ہوتے ہیں۔ بچوں کے بیڈروم کے حساب سے یہ شیلف اگر گہرے رنگ کے ہوں تو زیادہ مناسب ہے جبکہ ان کی لمبائی اور چوڑائی بیڈ کے سائز کے مطابق ہونی چاہیے۔
سیڑھی کے نیچے اسٹوریج
عام طور پر گھروں میں سیڑھی کے نیچے موجود جگہ کو کام میں نہیں لایا جاتا یا وہاں کاٹھ کباڑ رکھ دیا جاتا ہے۔ اس جگہ کو بیکار نہ سمجھیں اور اس سے خاطر خواہ فائدہ اٹھانے کا سوچیں۔ کم جگہ پر اسٹوریج کی زیادہ جگہ حاصل کرنے کے لیے سیڑھی کے نیچے موجود خالی جگہ الماری یا کیبنٹس بنوالیں۔ ان میںآپ سردی میں استعمال ہونے والے کپڑے ، رضائی ، کبھی کبھی پہنے جانے والے جوتے اور دوسرا سامان بے فکری سے رکھ سکتے ہیں۔
کچن کیبنٹس
برتنوں کی تعداد اور کھانے پینے کی اشیا کی بھرمار کے باعث کچن میں جگہ کی کمی کا مسئلہ درپیش رہتا ہے۔ اس کا بہترین حل کچن کیبنٹس بنوانے کے ذریعے نکالا جاتا ہے۔ دورِ جدید میںنت نئے کیبنٹ اسٹائل متعارف کروائے جارہے ہیں، آپ اپنی پسند اور بجٹ کے مطابق کچن کی دیواروں کو ان جدید اسٹائل کے کیبنٹس سے آراستہ کرسکتے ہیں۔
آئرن اسٹینڈ
اگر آپ کے گھر میں گیراج موجود ہے تو آپ کو وہاں کچھ سامان رکھنے کے لیے اسٹوریج کی جگہ درکار ہوگی۔ اس مقصد کے لیے آپ گیراج کی کسی بھی دیوار پر آئرن اسٹینڈ بنواسکتے ہیں۔ یہ اسٹینڈ ورٹیکل (عمودی) اسٹائل میں لگایا جائے تو زیادہ مناسب رہتا ہے۔ اس پر گاڑی اور باغبانی وغیرہ کا سامان رکھا جاسکتا ہے۔ ایسا ہی آئرن اسٹینڈ آپ گھر کی کسی بیرونی یا عقبی دیوار پر بھی بنواسکتے ہیں۔
آرائشی ہینگر
گھر کی چھوٹی دیواروں یا ستونوں پر منفرد طریقے سے ہینگرز کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ کوئی ریک یا کیبنٹ نہیں ہوتا، اس میں پلاسٹک یا شیشے سے بنا سامان رکھا جاسکتا ہے۔ یہ ایسا سامان رکھنے کے لیے بھی بہترین ہے، جسے آپ کو ہر وقت استعمال کرنا ہو۔