پاک بحریہ کے ملجم کلاس کے دوسرے جہاز پی این ایس خیبر کی کمیشننگ کی تقریب ترکیہ کے استنبول نیول شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ترک صدر رجب طیب اردوان تھے جنہوں نے تقریب سے خطاب میں دفاعی پیداوار کے شعبے میں پاکستان اور ترکی کے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاک ترک بحری افواج کے درمیان قریبی تعاون دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کا مظہر ہے۔
ترک صدر نے پی این ایس خیبر کا دورہ کیا اور جہاز کے عملے سے ملاقات کی، اس موقع پر ترک صدر کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیوی کے ملجم کلاس جہاز جدید ٹیکنالوجی سے لیس جدید جنگی پلیٹ فارمز میں شمار ہوتے ہیں، جو جدید اسلحے اور اعلیٰ درجے کے سینسرز سے مربوط ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے لیے ملجم کلاس کے 4 جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ 2018 میں طے پایا تھا، جس کے تحت 2 جہاز ترکی میں جبکہ باقی 2 جہاز پاکستان میں تعمیر کیے جانے ہیں۔