سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سیاسی شکست سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔
آصف علی زرداری نے ان خیالات کا اظہار سینئر ن لیگی رہنما احسن اقبال سے ٹیلیفونک گفتگو میں کیا۔
انہوں نے دوران گفتگو سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وفاقی وزراء احسن اقبال، مریم اورنگزیب اور سینیٹر مصدق ملک پر حملے کی مذمت کی۔
سابق صدر نے کہا کہ رہنماؤں پر حملہ سیاسی عدم برداشت کا ثبوت ہے، عمران خان سیاسی شکست سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب سے توہین آمیز سلوک قابل مذمت ہے، عمران خان نے سیاست میں گالی اور عدم برداشت کا عنصر پیدا کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے رہنماؤں پر حملے سے غیر جمہوری سوچ ظاہر ہوتی ہے۔